پنجی، 26؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گوا پولیس ریاست میں اکتوبر میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کی سیکورٹی کے لیے مہاراشٹر اور دہلی سے مدد مانگے گا۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس ومل کمار گپتا نے کل یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ اجلاس کی تیاریاں زوروشور سے چل رہی ہیں ۔ہم پہلے ہی یہ اندازہ کر چکے ہیں کہ ہمارے پاس کتنے وسائل ہیں اور کتنے اضافی ورک فورس اور کتنے آلات کی ضرورت ہے۔ریاستی پولیس پہلے ہی مرکزی وزارت داخلہ اور دیگر ریاستی حکومتوں کے ساتھ متعلقہ معلومات شیئر کر چکی ہے جس سے کہ اجلاس کے دوران قانون وانتظام کی صورت حال میں مدد لی جا سکے۔گپتا نے کہاکہ دہلی اور مہاراشٹر نے اجلاس کے دوران اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں اور آلات مہیا کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وقت کی قلت کی وجہ سے گوا پولیس اپنے اہلکاروں کو اس مقصد کے لیے ٹریننگ نہیں دے سکی۔انہوں نے کہا کہ ایک بار یا شاید ہی استعمال کئے جانے والے کچھ آلات مہاراشٹر اور دہلی کی پولیس فورسز سے حاصل کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گوا کے وزیر اعلی لکشمی کانت پارسیکر نے حال ہی سربراہی اجلاس کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اجلاس کے دوران ٹریفک انتظامات کے لیے بھی منصوبہ بندی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔برکس اجلاس 15-16؍اکتوبر کو گوا میں منعقد کیا جانے والا ہے جس میں مختلف ممالک کے سربراہ شرکت کریں گے۔